تعلیمی اداروں میں اے آئی کورسز متعارف کروانے کا فیصلہ

جدید تعلیم کے فروغ کا سلسلہ ، پشاور کےسرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز متعارف کروانے کی ہدایت جاری کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے اے آئی کورسز متعارف کرانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے اور مطلوبہ وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
یہ ہدایات وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس میں دی گئیں، جس میں صوبائی وزیر ثانوی تعلیم ارشد ایوب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ مستقبل کی معیشت، تعلیم، صحت اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر چکا اور نوجوانوں کو AI کی تعلیم دینا انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائے گا۔
انہوں نے ٹیکسٹ بکس کی پرنٹنگ اور سٹیشنری کی خریداری کیلئے ٹینڈرز کی انکوائری کروانے اور نصابی کتب کی چھپائی سرکاری پریس سے کرانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اساتذہ کی پوسٹنگ، ٹرانسفر، لیو انکیشمنٹ، پروموشن اور سکولوں میں فراہم کی جانیوالی سکالرشپس کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔















