ایئرسیال کاکراچی سےکوئٹہ فلائٹ آپریشن کاآغاز

پاکستان کے فضائی مسافروں کیلئے ڈومیسٹک فلائٹس کا جدید انداز،ایئر سیال نےکوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کراچی تاکوئٹہ فلائٹ آپریشن کا آغازکردیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے زیر انتظام کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کراچی تاکوئٹہ روٹ نجی ایئرلائن ایئر سیال کے شیڈول فلائٹ آپریشنز کے آغاز میں سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے بلوچستان کیلئے فضائی رابطوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ ایئر سیال ہفتہ وار پیر، بدھ اور جمعہ کو تین پروازیں چلائے گی اور کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنیوالے فضائی مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔
ایئر سیال نے اپنی سروس کا آغاز کر دیا ہے اوراس حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب میں ایئرپورٹ منیجر، اے ایس ایف کے چیف سکیورٹی آفیسر، سی او او اے ٹی سی، پی اے اےکے حکام، ایئر سیال کے نمائندے، فلائٹ عملہ اور ایئرپورٹ کے دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر پورٹ منیجر نے پی اے اے کی سینئر مینجمنٹ کی جانب سے کوئٹہ میں خدمات کے فروغ کے اقدام کو سراہا اور ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاری کی تصدیق کی۔
انہوں نے ایئر لائن کی حوصلہ افزائی کی کہ لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں شامل کرکے اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے۔
ذہن نشین رہے کہ کوئٹہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ مسافروں کی خاطر خواہ سہولیات فراہم کرتا ہے ۔ کوئٹہ ایئر پورٹ جامع ایروناٹیکل اور مسافروں کو سنبھالنے کی سہولیات سے آراستہ ہے ،جو فلائٹ آپریشن میں اضافے اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں کیلئے خدمات کی فراہمی کی مکمل صلاحیت کا حامل ہے۔















