ایپل کی کاروباری صارفین کیلئے میپس میں بڑی سہولت متعارف

0
6

آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری ،ایپل اپنی میپس ایپ میں صارفین کیلئے ایک نمایاں اور سٹریٹجک اپڈیٹ متعارف کروانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت مستقبل قریب میں اشتہارات بھی دکھائے جا سکتے ہیں۔
ایپل کے مطابق اس اپڈیٹ کے بعد ریسٹورانٹس، ہوٹلز اور دیگر مقامی کاروباری ادارے اپنی خدمات کو نمایاں کرنے کیلئے بامعاوضہ پروموشن حاصل کر سکیں گے۔ یوں جب صارفین کسی مخصوص مقام یا سروس کی تلاش کریں گے ،تو سپانسر شدہ نتائج انہیں ترجیحی بنیادوں پر نظر آئیں گے، جس سے مرئیت(Visibility) میں اضافہ ہوگا۔یہ ماڈل جدید ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ سسٹمز سے ہم آہنگ ہوگا، جہاں ادارے بہتر پوزیشن حاصل کرنے کیلئے مسابقتی بنیادوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ اس حکمت ِ عملی کے ذریعے ایپل اپنی سروسز ڈویژن کو مزید مستحکم بنانے اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
لیکس کے مطابق یہ فیچر نا صرف موبائل ایپ، بلکہ ویب پلیٹ فارم پر بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے، جبکہ اس کے عملی نفاذ کا امکان 2026 میں ہی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ایپل اس سے قبل ایپ سٹور اور نیوز جیسی سروسز میں اشتہارات شامل کر چکا ہے اور اب میپس ایپ بھی اسی دائرہ کار میں شامل ہو رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر یہ اقدام ایپل میپس کے صارفین کے تجربے کو ایک نئی جہت دے سکتا ہے، جہاں تلاش کے نتائج میں اشتہاری مواد زیادہ موثر اور نمایاں انداز میں سامنے آئے گا۔

Leave a reply