فضائی انقلاب برپا : پاکستان میں نئی’’ساؤتھ ایئر‘‘ کا باضابطہ افتتاح

پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت میں انقلاب برپا ،اندرون ملک سفر کرنے کے لئے نئی ’ ساؤتھ ایئر ‘کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسے ’’تاریخی قدم‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز شہروں کو ملک کے بڑے مراکز سے جوڑے گی، جس سے مقامی ترقی اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز کراچی سے ملتان کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ وقت کے ساتھ مزید شہروں کو بھی اپنے روٹ میں شامل کیا جائے گا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملتان سے ان کا ذاتی تعلق بہت پرانا ہے اور اس نئی ایئرلائن کا آغاز خطے کی معاشی اور ثقافتی صلاحیت پر اعتماد بڑھائے گا۔انہوں نے ایئرلائن انتظامیہ سے درخواست کی کہ ٹکٹوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ میں رکھی جائیں، کیونکہ عام شہری ہی نہیں، بلکہ عوامی نمائندے بھی اکثر مہنگے کرایوں سے پریشان ہوتے ہیں۔
تقریب میں ساؤتھ ایئر کے اعلیٰ حکام، پارلیمنٹیرینز اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی اور توقع ظاہر کی کہ نئی ایئرلائن ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کرے گی۔ نئی ایئرلائن کا مقصد ملک کے اندر سفر کو زیادہ آسان بنانا اور ان شہروں کے درمیان فضائی رابطے بہتر کرنا ہے، جنہیں اب تک محدود سہولیات حاصل تھیں۔















