بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی، بی سی بی کا فیصلہ برقرار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیرِ کھیل بنگلہ دیش ڈاکٹر آصف نذرل اور بنگلادیشی کھلاڑیوں کے درمیان اہم اجلاس ہوا۔
مشیرِ کھیل ڈاکٹر آصف نذرل نے کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈکپ کھیلنا چاہتے ہیں اور اب بھی امید ہے کہ آئی سی سی ہمارے مؤقف کو تسلیم کرے گی۔
ڈاکٹر آصف نذرل نےکہاکہ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، بھارت میں سکیورٹی خدشات لاحق ہیں، تاہم آئی سی سی نے ہمارے تحفظات کو تسلیم نہیں کیا اور بھارتی حکومت کی جانب سے بھی ہمیں قائل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت کا ہے۔ ہم نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کرانے کی درخواست کی ہے۔ ہم ورلڈکپ کھیلنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس کے میچز سری لنکا میں منعقد ہوں۔ کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وہ ہمارے مؤقف سے متفق ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ ہم اس معاملے کو آخری حد تک لے کر جائیں گے، یہ ہمارا حق ہے اور ہم آئی سی سی سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم بھارت نہیں جائیں گے اور سری لنکا میں کھیلنے کے خواہاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اور بی سی بی کے عہدیداران جلد ہی اس حوالے سے پریس کانفرنس کریں گے۔















