بلڈ مون: تصاویر منظرعام پر آتے ہی انٹرنیٹ پرتیزی سے وائرل

0
4

فلکیاتی مظہر عالمی آن لائن تقریب میں تبدیل، 2026 کے شاندار مکمل چاند گرہن(بلڈ مون) کی تصاویر سامنے آتے ہی انٹرنیٹ پرتیزی سے وائرل ہو گئیں۔
رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں آسمان پر ابھرنے والے سرخ رنگ کے چاند نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔ اس فلکیاتی منظر کو عام طور پر بلڈ مون کہا جاتا ہے۔یہ دلکش منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب چاند زمین کے مکمل سائے (امبرا) میں داخل ہوا۔
اس مرحلے میں سورج کی روشنی براہِ راست چاند تک نہیں پہنچتی ،بلکہ زمین کے گرد سے مڑ کر آنیوالی سرخی مائل شعاعیں چاند کو گہرے سرخ رنگ میں بدل دیتی ہیں۔دنیا کے کئی ممالک، خصوصاًجاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میں شائقینِ فلکیات نے شام کے وقت اس شاندار نظارے کا مشاہدہ کیا۔
دوسری جانب شمالی اور جنوبی امریکا کے بیشتر حصوں میں یا تو چاند غروب ہو چکا تھا یا گرہن اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا تھا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مکمل چاند گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے ،جب زمین سورج اور چاند کے درمیان سیدھی لائن میں آ جاتی ہے اور چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جاتا ہے، جبکہ جزوی چاند گرہن میں چاند کا صرف ایک حصہ سائے میں داخل ہوتا ہے۔اس قدرتی مظہر کو دیکھنے کیلئے کسی خاص عینک یا فلٹر کی ضرورت نہیں ہوتی اور لوگوں نے کھلی آنکھ سے مشرقی افق پر ابھرتے چاند کادلکش نظارہ کیا۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس طرح کے گرہن ناصرف سائنسی اہمیت رکھتے ہیں ،بلکہ عوام میں خلائی مظاہر کے بارے میں دلچسپی بھی بڑھاتے ہیں اور 2026 کا یہ ”بلڈ مون“ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

Leave a reply