چین:علی بابا نے نئے اے آئی چشمےمارکیٹ میں متعارف کروادیے

0
53

چین کی بڑی ٹیک کمپنی علی بابا نے نئے اے آئی چشمے مارکیٹ میں متعارف کروادیے ۔
یہ چشمے روزمرہ کے کئی کام فوری طور پر انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔علی بابا کے چین میں متعارف کردہ ’’کوارک اے آئی‘‘ چشموں کی قیمت 1,899 یوان رکھی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 75 ہزار روپے کے برابر ہے، یہ چشمے علی بابا کے اپنے اے آئی سسٹم کویـن پر کام کرتے ہیں۔صارفین انہیں پہن کر کسی بھی جملے یا زبان کا فوری ترجمہ کر سکتے ہیں، سامنے موجود چیز کی قیمت فوراً معلوم کر سکتے ہیں اور خریداری کے دوران مختلف معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق چشمے علی بابا کی مشہور ایپس علی پے اور تاؤ باؤ کے ساتھ بآسانی چلتے ہیں، جس سے ادائیگی اور خریداری مزید آسان ہوجائے گی۔علی بابا کچھ عرصے سے اے آئی مصنوعات پر کام کر رہی ہے اور اسی مہینے کمپنی نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ کا نیا اور بہتر ورژن بھی جاری کیا ہے، تاکہ وہ دیگر ٹیک کمپنیوں کے مقابلے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکے۔
دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیاں بھی اسی میدان میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ اس وقت میٹا تقریباً 80 فیصد وی آر ہیڈسیٹ مارکیٹ پر حاوی ہے، ایپل کا ویژن پرو بھی دستیاب ہے،جبکہ سام سنگ نے اکتوبر میں اپنا گیلیکسی ایکس آر ہیڈسیٹ متعارف کروایا تھا، جس میں گوگل کی اے آئی خصوصیات شامل ہیں۔
علی بابا نے اپنے اے آئی گلاسز متعارف کروا کر عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اے آئی ویئرایبل ٹیکنالوجی کی دوڑ میں قدم رکھ دیا ہے۔

Leave a reply