پاکستانی طلبا کیلئےچین کی طرف سے فلی فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان

بیرون ملک جاکر تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کیلئے خوشخبری ،چین نے پاکستانی طلبا و طالبات کیلئے فلی فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان کر دیا۔
پاکستانی طلبا کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کا ایک بڑا اور اہم موقع،چین نے پاکستانی طلبا کیلئے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کیلئے مکمل فنڈڈ سکالرشپس کا اعلان کر دیا ، جس سے باصلاحیت طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ سکالرشپس مکمل طور پر فنڈڈ ہوں گی، جن میں ٹیوشن فیس میں مکمل چھوٹ، رہائش کی سہولت، طبی سہولیات اور ماہانہ وظیفہ شامل ہے۔
اس سکالرشپ پروگرام کے تحت طلبا چین کی مختلف معروف جامعات میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔انجینئرنگ، نیچرل سائنسز، سوشل سائنسز اور دیگر متعلقہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبا اس سکالرشپ کے اہل ہوں گے۔ امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت اور مقررہ معیار کی بنیاد پر کیا جائے گا۔سکالرشپ کیلئے درخواستوں کا عمل ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ طریقۂ کار کے مطابق اپنی درخواستیں بروقت جمع کروائیں۔ سکالرشپ کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔
ایچ ای سی نے طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درخواست دینے سے قبل اہلیت کے معیار، مطلوبہ دستاویزات اور دیگر ہدایات کا بغور مطالعہ کریں، تاکہ کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔















