چین:دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وےٹریفک کیلئےکھول دی گئی

دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وےٹریفک کیلئےکھول دی گئی۔چین نے اپنے شاندار انفراسٹرکچر منصوبوں میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے سرنگ تیان شان شینگ لی ٹنل کو شہریوں اور سیاحوں کیلئے کھول دیا۔
چین کے شمال مغربی علاقے سنکیانگ ایغور خود مختار خطے میں دنیا کی طویل ترین ایکسپریس وے سرنگ ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔22.13 کلومیٹر طویل اس سرنگ کی بدولت شمالی اور جنوبی سنکیانگ کے درمیان سفر کا وقت کئی گھنٹوں سے کم ہو کر صرف 20 منٹ رہ گیا ہے۔تیان شان پہاڑی سلسلہ وسطی سنکیانگ میں تقریباً 2,500 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے، جو خطے کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔
ماضی میں اس پہاڑی سلسلے کو عبور کرنے کیلئے خطرناک اور پیچیدہ پہاڑی راستوں سے گزرنا پڑتا تھا، جو بعض مقامات پر 4,000 میٹر کی بلندی تک پہنچ جاتے تھے۔خاص طور پرموسمِ سرما میں برفباری کے باعث یہ راستے اکثر بند ہو جاتے تھے، جس سے طویل چکر لگانا پڑتا تھا، تاہم جدید انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی بدولت چین نے اس رکاوٹ پر قابو پا لیا ہے ، کیونکہ 3,000 میٹر کی بلندی پر واقع اس سرنگ کی تعمیر ایک بڑا چیلنج تھی، جہاں سردیوں میں درجہ حرارت منفی 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے، جبکہ یہ علاقہ شدید زلزلہ خیز اور پیچیدہ فالٹ لائنز پر مشتمل ہے۔دنیا کی اس طویل ترین ٹنل کی تعمیرنےایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں چین نے انفراسٹرکچر کے شعبے میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔















