کرسمس اورقائد ڈے: سیاحتی مقامات کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات

یوم قائد اور کرسمس کے مذہبی تہوار کے موقع پر صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر کے سیاحتی مقامات کی فول پروف سکیورٹی کیلئےاضافی نفری تعینات کردی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہر دلعزیز سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری اور لاہور سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کرسمس اور قائد ڈے پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سرکاری و نجی سطح پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ہونیوالی تمام تقریبات کو بھی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
اُن کاکہناہےکہ صوبے کے تمام اضلاع میں واقع مسیحی عبادت گاہوں چرچز اور پبلک پلیسیز پر بھی تین سےچار درجہ کی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے،جبکہ حساس اور اے کیٹیگری چرچز میں واک تھرو گیٹس، سکینرز نصب کرنے کیساتھ میٹل ڈ ٹیکٹرز سے جامع تلاشی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کاکہناہےکہ خواتین سیاحوں اور شہریوں کی سہولت کیلئے لیڈی پولیس اہلکار مسیحی عبادت گاہوں اور پارک میں سکیورٹی پر تعینات ہیں ۔ تفریحی مقامات بالخصوص پارکوں، پکنک پوائنٹس کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ،تاکہ مسیحی برادری پرُ امن ماحول میں اپنے مذہبی تہوار کی خوشیاں منا سکیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کابتاناہےکہ کرسمس کی تعطیلات میں ملکہ کوہسار مری میں 6 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔سخت سکیورٹی اقدامات اوراضافی نفری تعینات کرنے کا مقصد وطن عزیز پاکستان میں کر سمس، نیو ائیر اور قائد ڈے کے موقع پر سیاحت کا فروغ دینا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔















