بسنت فیسٹیول کیلئےضابطہ اخلاق جاری

ڈپٹی کمشنرلاہورنےبسنت فیسٹیول کےلئےضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر لاہور نےشہریوں کے تحفظ کے لیے 6 تا 8 فروری کو ہونے والے پتنگ بازی فیسٹیول کے لیے 12 نکاتی سخت ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔
ضابطہ اخلاق میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کا حکم دیاگیاجبکہ ضابطہ اخلاق کا اطلاق لاہور بھر کے تمام مقامات بشمول عمارتوں اور چھتوں پر ہوگا،پتنگ بازی ایکٹ اور سیفٹی رولز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی ۔
ضابطہ اخلاق میں کہاگیاکہ ضلعی افسران اور پولیس کو چھتوں اور مقامات کے معائنے کا اختیار تفویض ہے،خطرناک ڈور اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،شہریوں کی حفاظت کے لیے دھاتی، کیمیائی اور نیلون ڈور کا استعمال سختی سے منع ہے،لاہور میں موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب کو لازمی یقینی بنایا جائے۔
ضابطہ اخلاق میں مزیدکہاگیاکہ ہوائی فائرنگ اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے ساؤنڈ سسٹم پر پابندی ہوگی ایئرپورٹ اور حساس تنصیبات کے قریب پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی ، چھتوں کے مالکان حفاظتی انتظامات اور کسی بھی حادثے کے ذاتی ذمہ دار ہوں گے ،پتنگ بازی کے لیے غیر محفوظ چھتوں کے استعمال پر سخت پابندی عائد ہے۔
ڈپٹی کمشنرلاہورکاکہناتھاکہ ثقافتی تہوار کو محفوظ بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، خطرناک ڈور کی خرید و فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا، قانون شکن عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آر اور سخت کارروائی ہوگی۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے ان کی نگرانی یقینی بنائیں،فیسٹیول کے دوران شہر بھر میں مانیٹرنگ کا سخت نظام قائم رہے گا،پرامن اور محفوظ ماحول میں بسنت منانے کے لیے شہری تعاون کریں۔















