اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹائزڈ کرنےکامشن: پنجاب میں چالیس لاکھ گھروں کا سروے مکمل

0
12

منصوبہ برائے اصلاح نظام اراضی کی جانب سے پنجاب میں چالیس لاکھ گھروں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔
منصوبہ برائے اصلاح نظام اراضی ، بورڈ آف ریونیو حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں گھر گھر سروے مہم کامیابی سے جاری ہے۔ اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں چالیس لاکھ سے زائد گھروں کا سروے مکمل ہو چکا ہے، اس سروے کا مقصداراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹائزڈ کرنا اور پنجاب کے شہریوں کے ملکیتی حقوق کو محفوظ بنانا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اکرام الحق نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام شہریوں کے لیے اراضی کے ریکارڈ کو محفوظ اور شفاف بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی کے استعمال سے اراضی مالکان کے فراہم کردہ معلومات کی درستگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حکومت پنجاب اور منصوبہ برائے اصلاح نظام اراضی کی ٹیم منصوبے کی کامیابی کے لیے پر عزم ہیں۔
منصوبے کے تحت ان دنوں سروے کے تیسرے اور چوتھے مرحلے میں پنجاب کے مختلف اضلاع بہاولپور، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، بھکر، ڈی جی خان، گجرات، منڈی بہاؤ الدین اور بہاولنگر میں سروے جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے مرحلے میں لاہور، ننکانہ، سیالکوٹ، ساہیوال، خوشاب اور دوسرے مرحلے میں ملتان، وہاڑی، سرگودھا، نارووال اور اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع میں سروے کیا گیا جو اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
سروے کے دوران ٹیمیں گھر گھر جا کر اراضی سے متعلقہ سند، شناختی کارڈ اور بجلی کا بل وغیرہ کی تفصیل لے کر ایپ میں درج کرتی ہیں اور کیو آر کوڈ والا سٹیکر دروازے پر چسپاں کر دیتے ہیں۔ جسکو سکین کرکے ڈیجیٹل میپ میں متعلقہ اراضی کو دیکھا جا سکتا ہے، کیو آر کوڈ کی سہولت سے زمین کے ریکارڈ کی تصدیق میں نہایت آسانی ہوئی ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس سروے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ زمین کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

Leave a reply