کراچی میں آئندہ ہفتے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ

0
4

مسافروں کوجدید سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ،شہر قائدکراچی میں آئندہ ہفتے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں یلو لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے شہر قائد میں اگلے ہفتے سے ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امید ہے کہ ڈبل ڈیکر اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے تک کراچی میں پہنچ جائیں گی اور ڈبل ڈیکر کے ساتھ ای وی بسوں کے نئے روٹ بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی اور اس سال مزید 500 بسیں شروع کرنے جا رہے ہیں، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی شروع کر رہے ہیں،نئے روٹس کے حوالے سے آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی پر کام جاری ہے اور یلو لائن بی آر ٹی پر کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں، اس کام میں تیزی لائی جائے گی اور ڈیپوز کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

Leave a reply