ایلون مسک کی سرخ سیارے مریخ سے متعلق چونکا دینے والی پیشگوئی

0
3

سرخ سیارے پر انسان بہت جلد آباد ہو جائیں گے ۔ ایلون مسک نے مریخ سے متعلق چونکا دینے والی پیشگوئی کردی ۔
سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ایک بار پھر مریخ پر انسانی آبادکاری کے اپنے خواب کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بنجر نظر آنے والا سرخ سیارہ مریخ بھی ایک دن سرسبز اور زندگی سے بھرپور ہو سکتا ہے۔
جس پوسٹ پر ایلون مسک نے ردعمل دیا، اس میں مریخ کی ایک اے آئی ویڈیو شامل تھی، جس میں دکھایا گیا تھا کہ کس طرح اس سیارے پر سرسبز گھاس اور پودے اگ رہے ہیں ۔
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک کا کہنا تھا کہ مریخ پر زندگی کا امکان بالآخر حقیقت بن سکتا ہے۔ذہن نشین رہے کہ سپیس ایکس 2026 میں مریخ کی جانب بغیر انسانوں کے پانچ سٹار شپ مشنز بھیجنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ستمبر 2024 میں ایکس پر جاری بیان میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ مشنز بغیر انسانوں کے روانہ کیے جائیں گے، جن کے بعد کامیابی کی صورت میں انسان بردار مشنز بھیجے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مشنز کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ سٹار شپ راکٹس مریخ کی سطح پر محفوظ لینڈنگ کر پاتے ہیں یا نہیں۔ اگر یہ مرحلہ کامیابی سے طے پا گیا تو آئندہ چار برسوں میں خلا بازوں کو مریخ بھیج دیا جائے گا، تاہم کسی تکنیکی مشکل کی صورت میں یہ منصوبہ مزید دو سال تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

Leave a reply