توانائی بحران:موٹر سائیکل اور گاڑی والوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کی تجویز، اعلان جلد متوقع

توانائی بحران کےباعث حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل اور گاڑی والوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کی تجویز آئی ہےجس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
حکومت پاکستان نے توانائی بحران کے پیش نظر موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی پر پیٹرول فراہم کرنے کی تجویز پر پیش رفت تیز کر دی ہے، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت پیٹرول کی فراہمی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔ وزارتِ آئی ٹی اس مقصد کے لیے 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کرے گی، جن کی قیمتوں کا تعین نیشنل آئی ٹی بورڈ کرے گا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں یہ موبائل فونز خرید کر ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پٹرول پمپس پر فراہم کریں گی، جہاں ہر پمپ پر دو نوزلز سبسڈی والے پیٹرول کے لیے مختص ہوں گی۔
اس نظام کے تحت صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچرز جاری کیے جائیں گے اور مقررہ حد سے زیادہ پیٹرول حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔ ابتدائی طور پر موٹر سائیکلوں کے لیے ماہانہ 20 سے 30 لیٹر سبسڈی والا پیٹرول دینے کی تجویز ہے، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کو شامل کرنے سے متعلق فیصلہ تاحال زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل ایپ تیار ہو چکی ہے اور اس کی آزمائش آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ سبسڈی کے حصول کے لیے کیو آر کوڈ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت کی جانب سے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے اور ہنگامی صورتحال کے لیے متبادل منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے۔ پٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔















