طلبا کیلئے مثال:15 سالہ نوجوان نے پی ایچ ڈی کر کے نئی تاریخ رقم کر دی

0
3

طلبا کیلئے نئی مثال قائم،بیلجیئم کے 15 سالہ طالبعلم لورینٹ سائمنز نے کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
فلمنش ٹیلی وژن نیٹ ورک وی ٹی ایم کے مطابق لورینٹ نے رواں ہفتے یونیورسٹی آف اینٹورپ میں اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کیا۔لورینٹ سائمنز کو بیلجیئم کا ننھا آئن سٹائن کہا جارہا ہے اور وہ ممکنہ طور پر کوانٹم فزکس میں پی ایچ ڈی حاصل کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں۔
لورینٹ نے صرف چار سال کی عمر میں پرائمری سکول شروع کیا اور چھ سال کی عمر میں ابتدائی تعلیم مکمل کر لی۔ بارہ سال کی عمر تک وہ کوانٹم فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر چکے تھے، جس میں انہوں نے بوسونز اور بلیک ہولز جیسے پیچیدہ موضوعات پر تحقیق کی۔
رپورٹس کے مطابق لورینٹ کو فوٹوگرافک میموری حاصل ہے اور ان کا آئی کیو 145 ہے، جو دنیا کی محض 0.1 فیصد آبادی میں پایا جاتا ہے۔گیارہ سال کی عمر میں اپنے دادا دادی کے انتقال کے بعد لورینٹ نے پی ایچ ڈی سے بھی آگے کا ہدف مقرر کیا، وہ انسان کی عمر بڑھانے اور ممکنہ طور پر لافانیت (Immortality) سے متعلق تحقیق کرنا چاہتے ہیں۔
لورینٹ کا کہنا ہے کہ یہ مقصد ان کے ذاتی فائدے کیلئے نہیں، بلکہ خدمت ِ انسانیت کیلئے ہے۔
ذہن نشین رہے کہ اگرچہ لورینٹ کی کامیابی غیر معمولی ہے، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دنیا کے کم عمر ترین پی ایچ ڈی ہولڈر کا اعزاز جرمن نابغہ کارل وِٹے کے پاس ہے، جنہوں نے 1814 میں صرف 13 سال کی عمر میں پی ایچ ڈی حاصل کی تھی۔

Leave a reply