کسانوں کو 3 کروڑ روپے تک بلا سود قرض ملے گا، مریم نواز کابڑا اعلان

0
4

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کو زرعی قرضوں پر ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 کروڑ روپے تک کے قرض پر صفر شرح سود ہوگی۔
لاہور میں کسانوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ 3 کروڑ روپے کے قرض پر 2 فیصد جبکہ 5 کروڑ روپے کے قرض پر 5 فیصد سود ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ پروگرام میں 10 لاکھ سے زائد افراد شامل ہیں اور ہر کسان کو فصل کی کاشت سے پہلے ڈیڑھ لاکھ روپے فراہم کیے جاتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سال کے دوران کسانوں کی خوشحالی کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ کسانوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے رواں سال ایک ہزار زرعی انٹرن بھی بھرتی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ کھاد اور دیگر زرعی اشیا کی بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم کی خریداری 4500 روپے فی من کے امدادی نرخ پر یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ملک کی غذائی ضروریات کا تقریباً 70 فیصد پورا کرتا ہے۔ آم، کینو، مالٹا اور آلو سمیت مختلف زرعی اجناس کی گریڈنگ، پراسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کے لیے پراسیسنگ پارکس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply