
بانی پی ٹی آئی عمران خان اوردیگرملزمان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں عدالت نےچالان جلدجمع کرانےکی ہدایت کردی۔
خصوصی عدالت کےجج عبدالغفورکاکڑنےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر دو ملزمان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر طبیعت ناسازی کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے، جبکہ اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ چالان مکمل کر لیا گیا ہے اور اسے جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کیس میں مزیددو ملزمان اور ایک گواہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پراسکیوٹر کے مطابق آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر چالان عدالت میں جمع کرا دے گا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے چالان جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔















