فرانس : الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنیوالی دنیا کی پہلی موٹروے متعارف

0
10

فرانس نے الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنیوالی دنیا کی پہلی موٹروے متعارف کروا دی۔
اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کار،وین، بس اور ہیوی ڈیوٹی ٹرک سمیت مختلف اقسام کی گاڑیاں سفر کے دوران بغیر رکے اور بغیر پلگ کے چارج ہوسکتی ہیں۔یہ منصوبہ الیکٹرون، وینسی کنسٹرکشن، گستاو ائیفل یونیورسٹی اور ہچنسن کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ وینسی آٹورُوٹ نے پیرس کے قریب اے10 موٹروے کے 1.5 کلومیٹر حصے پر اس کا فعال تجربہ مکمل کیا ہے، جہاں اب برقی گاڑیاں سفر کے دوران مسلسل توانائی حاصل کرسکتی ہیں۔
سڑک کے نیچے نصب برقی کوائلز سے توانائی براہ راست گاڑیوں میں موجود رسیور یونٹس کو منتقل ہوتی ہے، جس سے گاڑی چلتے ہوئے چارج ہوتی رہتی ہے۔تجرباتی نتائج کے مطابق اوسط پاور ٹرانسمیشن 200 کلو واٹ سے زائد رہی ،جبکہ بعض مواقع پر یہ شرح 300 کلو واٹ سے بھی بڑھ گئی، جو اس فاصلے پر ایک ٹرک کیلئے درکار توانائی سے دوگنا ہے۔
فرانس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نظام نا صرف محفوظ اور پائیدار ثابت ہوا ہے ،بلکہ ہائی وے کی رفتار اور حقیقی ٹریفک میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے مستقبل میں برقی ٹرکوں میں بڑے بیٹری پیک رکھنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے، جس سے اُن کی لاگت اور وزن میں بھی کمی آئے گی۔
بلاشبہ یہ نظام برقی ٹرانسپورٹ کے نئے دور کی طرف اہم قدم ہے، جہاں سڑکیں خود گاڑیوں کو توانائی فراہم کریں گی۔

Leave a reply