طلباکیلئے خوشخبری:تمام سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

طلباو طالبات کیلئے خوشخبری،تمام سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان،وفاقی وزیر جام کمال خان نے بلوچستان ریذیڈنشل کالج (بی آر سی) اوتھل کے سیکنڈ ایئر فائنل بیچ کے تمام طلبا کیلئے لیپ ٹاپ کا اعلان کر دیا۔
بی آر سی اوتھل کے طلبا اور اساتذہ نے آل پاکستان مطالعاتی دورے کے دوران پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ سیکنڈ ایئر کے فائنل بیچ کے تمام طلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو مضبوط بنا سکیں۔
اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ بی آر سی اوتھل کا قیام ان کے والد مرحوم سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام میر محمد یوسف نے لسبیلہ کے عوام کو تحفے کے طور پر دیا تھا، جو جام خاندان کی علم دوستی اور نوجوانوں سے وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔
اس موقع طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا موقع ایک بار ضائع ہو جائے تو دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے بلوچستان کے طلبا کو پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھنی ہوگی۔















