حکومت ان ایکشن:پنجاب میں 60 سال پرانے ٹریفک قوانین تبدیل کر دیے

شہری ہوشیار! پنجاب میں 60 سال پرانے ٹریفک قوانین تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سخت ترین ٹریفک قوانین کی منظوری دے دی جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ نئے قوانین کے تحت صوبے میں بار بار چالان ہونے والی گاڑی نیلام کر دی جائے گی جبکہ کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ترمیمی ٹریفک ایکٹ کے مطابق کم عمر ڈرائیونگ پر 6 ماہ تک قید کی سزا ہوگی۔ ون وےکے خاتمے کیلئے ٹریفک وارڈنز کو 30 دن کی خصوصی مہلت دے دی گئی ہے، اس دوران زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی جبکہ پانچ ماڈل سڑکوں پر چنگ چی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سخت قوانین کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک نظام کو عالمی معیار پر لانا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں ٹریفک بہتری کے لیے 30 روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور خلاف ورزی پر ہر شخص کو جرمانہ دینا پڑے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ٹریفک پولیس کو آخری موقع دیا جا رہا ہے، ناکامی کی صورت میں نیا ڈیپارٹمنٹ بنانا پڑے گا۔















