حکومت کی ایک ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں

حکومت نے رواں مالی سال کے دوران عالمی مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر مالیت کے برابر یورو بانڈز جاری کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق یورو بانڈز کا یہ اجرا دو سے تین مختلف اقساط میں مکمل کیے جانے کا منصوبہ ہے۔ یورو بانڈز کے علاوہ حکومت کا رواں مالی سال کے دوران چینی مارکیٹ میں 75 کروڑ ڈالر مالیت کے برابر پانڈا بانڈز جاری کرنے کا بھی پلان ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر رواں مالی سال کے دوران عالمی مارکیٹ میں دو ارب ڈالر تک کے مختلف بانڈز فلوٹ کرنے کی حکمتِ عملی زیرِ غور ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت آئندہ تین سال کی مدت کے لیے مزید یورو بانڈز بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔ ملکی فنانسنگ کی ضروریات اور بیرونی قرضوں کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی مستقبل میں مزید یورو اور پانڈا بانڈز فلوٹ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
حکومت کی یہ بھی خواہش ہے کہ گزشتہ مالی سال کی طرح رواں سال بھی 7 فیصد سے کم شرحِ منافع پر یورو بانڈز جاری کیے جائیں۔
معاشی ماہرین اور وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا ماننا ہے کہ عالمی بانڈ مارکیٹس میں بہتر کریڈٹ ریٹنگ اور ملکی معیشت کے استحکام سے اس عمل کے انتہائی مؤثر اور مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔















