ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی متاثر، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

0
28

ملک کےبالائی علاقوں میں شدیدبرفباری سےنظام زندگی متاثرہوگیاجبکہ پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیرکے بیشتر اضلاع میں کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے، جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بند، بجلی کا نظام درہم برہم اور سیکڑوں افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پاک فوج نے ضلع کرم میں شدید برفباری کے دوران فوری ریلیف کارروائیاں انجام دیں۔ مقامی آبادی کی امداد اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن شروع کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے بھاری مشینری کے ذریعے مناتو گاؤں سے مقامی کالج تک راستہ صاف کیا، جس کے بعد مناتو صدر روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی۔
ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے علاقے میں اہم رابطے بحال ہوئے۔ مقامی آبادی نے سخت موسمی حالات میں مشکلات کم کرنے پر فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔ پاک فوج عوام کی فلاح، امن اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے عزم پر ثابت قدم ہے۔
دوسری جانب شدید برفباری کے باعث شاہراہِ ریشم مکمل طور پر بند ہو گئی، جہاں درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شاہراہِ ریشم پر سفر کرنے والے مسافروں کو روک لیا جبکہ بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا۔ نیلی شنگ تا شارکول شاہراہ مکمل بند ہے اور درجنوں بڑی و چھوٹی گاڑیوں میں مسافر سوار ہیں۔
سڑک کھولنے کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے مطابق موسلادھار برفباری کے باعث سڑکوں کی بحالی میں مشکلات درپیش ہیں۔ برفباری کے سبب بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں مسلسل بند ہیں جبکہ تحصیل الائی کی بند رابطہ سڑک تاحال بحال نہ ہو سکی۔

Leave a reply