پنجاب کےتعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع اور مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے کی تجویز

خطےمیں کشیدہ صورتحال کےباعث ملک میں جاری توانائی بحران کےمعاملےپر پنجاب کےتعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع اور مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ توانائی پنجاب نے صوبائی حکومت کو نئی سفارشات ارسال کی ہیں جن میں وفاقی طرز پر فیول راشننگ نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں تعطیلات دینے اور سکولوں میں ہائبرڈ نظامِ تعلیم اپنانے کی سفارش بھی شامل ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم سے متعلق سخت ہدایات دینے اور غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کو میٹرو اور بس سروس میں اضافہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ اسی طرح رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔















