پنجاب کےتعلیمی اداروں میں چھٹیاں، بڑی تبدیلی کی تیاری

پنجاب کےتعلیمی کیلنڈر میں بڑی تبدیلی کی تیاری شروع، گرمیوں کی چھٹیاں کم کرنے کی سفارش ۔تعلیمی اداروں کو ہر سال لازمی طور پر 190 تدریسی دن مکمل کرنا ہوں گے۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں موسم ِگرما کی طویل چھٹیوں میں نمایاں کمی کی تجویز دیدی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ موجودہ ڈھائی ماہ کی گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کرکے صرف چھ ہفتے تک محدود کیا جائے۔ کمیٹی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران تین اجلاس منعقد کیے اور تیسرے اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دی۔ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے کی۔
کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت سالانہ تعطیلات کی مجموعی تعداد 175 دن ہوگی، جبکہ تدریسی اور تعلیمی دنوں کی تعداد 190 مقرر رہے گی۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں تعطیلات کی تعداد میں مسلسل اضافے نے تعلیمی نظام کو شدید متاثر کیا ہے، خاص طور پر اعلیٰ جماعتوں میں نصاب بروقت مکمل نہیں ہو پاتا، جس سے طلبا کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔نجی تعلیمی اداروں کی تنظیموں نے بھی کمیٹی کی سفارشات کی حمایت کر دی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ یکساں اور متوازن تعلیمی کیلنڈر سے تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور طلبا کو نصاب مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔















