حکومت کمزوراورمتوسط طبقےکومزیدریلیف دینےکیلئےکوشاں ہے،وزیراعظم

0
7

وزیراعظم شہبازشریف نےکہاہےکہ حکومت کمزوراورمتوسط طبقےکومزیدریلیف دینےکیلئےکوشاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت خلیجی بحران کے پٹرولیم مصنوعات پر اثرات، ملک میں موجودہ ذخائر اور عوامی ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کو ایندھن کی بچت سے متعلق حکومتی اقدامات، آئندہ لائحہ عمل اور موجودہ ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے وزیراعظم کی سادگی مہم اور بچت اقدامات پر پیش رفت سے متعلق آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے اور مشکل حالات میں معاشی طور پر کمزور افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری بند کرنے جیسے اقدامات کیے گئے ہیں، موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومتی اخراجات کم کرنے سے کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو متعدد بار مسترد کیا گیا اور بچت سے حاصل ہونے والی رقم عوامی ریلیف پر خرچ کی جا رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے یہ ریلیف عام آدمی تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ایندھن کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا گیا، جبکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کی رجسٹریشن کا عمل تیز کیا جا رہا ہے تاکہ ممکنہ ریلیف مؤثر انداز میں فراہم کیا جا سکے۔
بریفنگ کے مطابق ملکی ضروریات کے لیے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور آئندہ کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ہائی آکٹین ایندھن پر لیوی میں اضافے کے باوجود جیٹ فیول کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ ملک میں ادویات کا وافر ذخیرہ بھی موجود ہے اور وزیراعظم کی بچت مہم پر عملدرآمد جاری ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Leave a reply