انٹرنیشنل یونیورسٹی رینکنگ جاری: ہارورڈ کی تنزلی، چینی جامعات سرفہرست

انٹرنیشنل یونیورسٹی رینکنگ جاری، ہارورڈ کی تنزلی، چینی جامعات سرفہرست ،امریکا کی مشہورِ زمانہ ہارورڈ یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات کی فہرست میں مسلسل تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئی ۔
سینٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسٹڈیز (سی ڈبلیو ٹی ایس) لیڈن رینکنگ 2025 کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی سائنس کے شعبے میں تیسری پوزیشن پر آ گئی، جبکہ چین کی ژیجیانگ یونیورسٹی پہلے اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی دوسرے نمبر پر ہے۔ سی ڈبلیو ٹی ایس لیڈن رینکنگ کے مطابق ٹاپ نائن میں سے زیادہ تر جامعات چین سے تعلق رکھتی ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ سی ڈبلیو ٹی ایس لیڈن رینکنگ دنیا کی 1500 سے زائد بڑی جامعات کی سائنسی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتی ہے، یہ رینکنگ نیدرلینڈز کی لیڈن یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سٹڈیز تیار کرتا ہے۔ہارورڈ یونیورسٹی ایک دہائی سے زائد عرصے تک عالمی سطح پر پہلے نمبر پر رہی، تاہم 2019 کے بعد اسے چینی جامعات نے پیچھے چھوڑ دیا۔ 2006 سے 2009کے دوران ٹاپ پوزیشنز پر زیادہ تر امریکی جامعات کا غلبہ تھا مگر اب صورتحال بدل چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی کئی معروف جامعات جو پہلے ٹاپ 10 میں شامل تھیں اب ٹاپ 15 میں بھی شامل نہیں رہیں، جن میں یونیورسٹی آف مشی گن، یو سی ایل اے، جانز ہاپکنز، یونیورسٹی آف واشنگٹن سیئٹل، یونیورسٹی آف پنسلوانیا اور اسٹینفورڈ شامل ہیں۔لیڈن رینکنگ کا یہ روایتی ایڈیشن ویب آف سائنس ڈیٹا بیس پر مبنی ہے اور دنیا بھر کی جامعات کی سائنسی کارکردگی پر جامع معلومات فراہم کرتا ہے۔















