ایپل کے صارفین کیلئے آئی فون کے ٹیکس میں بڑی کمی ہو گئی

0
17

ایپل کے صارفین کیلئے خوشخبری ،آئی فون کے ٹیکس میں بڑی کمی ہو گئی۔استعمال شدہ سمارٹ فونز کی کسٹمز ویلیو میں کمی کے نتیجے میں مہنگے موبائل فونز بالخصوص آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر عائد پی ٹی اے ٹیکس میں واضح کمی آ گئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ٹیکس کا تعین کسٹمز ویلیو، سیلز ٹیکس اور موبائل لیوی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے اور چونکہ حکومت نے استعمال شدہ فونز کی کسٹمز ویلیو کم کی ہے، اس لیے موبائل فون رجسٹریشن کی مجموعی لاگت بھی کم ہو گئی ہے۔نئی مقرر کردہ کسٹمز ویلیوز کے تحت پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کروانے کی صورت میں آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس پر پی ٹی اے ٹیکس 55 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قومی شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کی صورت میں یہ ٹیکس 70 ہزار روپے ہو گا۔
یہ کمی گزشتہ ٹیکس ریٹس کے مقابلے میں خاصی نمایاں ہے، کیونکہ اس سے قبل ان ماڈلز پر پی ٹی اے ٹیکس کہیں زیادہ وصول کیا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے صارفین طویل عرصے سے مشکلات کا شکار تھے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نا صرف عام صارفین کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ مقامی موبائل مارکیٹ میں خرید و فروخت میں بھی تیزی آئے گی۔ قانونی طریقے سے موبائل فون رجسٹر کروانے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔اس اقدام کے بعد پاکستان میں سمارٹ فونز کی قیمتیں عالمی منڈی کے زیادہ قریب آ گئی ہیں، جسے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply