جاپان:ریچھوں کو رہائشی علاقوں سے دوررکھنے کیلئے بھونکنے والے ڈرونز تعینات

جاپان میں شہریوں کی حفاظت کیلئے دلچسپ اقدامات، ریچھوں کو رہائشی علاقوں سے دور رکھنے کے لیے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے بھونکنے والے ڈرونز تعینات کر دیے گئے ۔
جاپان کے شہر ہِدا میں گزشتہ ہفتے ان ڈرونز کا باقاعدہ استعمال شروع ہوا۔ یہ ڈرونز سپیکروں سے لیس ہیں، جن کے ذریعے شکاری کتوں کی آوازیں چلائی جاتی ہیں تاکہ ریچھ ڈر کر آبادی سے دور چلے جائیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق ریچھوں کو پہاڑی علاقوں کی طرف دھکیلنے کے لیے آتش بازی کا استعمال بھی کیا گیا ہے، تاکہ وہ گہرے جنگلات کی طرف واپس چلے جائیں۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال اپریل سے اب تک جاپان میں ریچھوں کے حملوں میں 220 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ باغات میں پھلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔
جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ آبادی میں ریچھوں کی مسلسل آمد ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے جدید اور مؤثر طریقوں کا استعمال ضروری ہو گیا ہے۔















