جاپانی طلبا کا کارنامہ: پیڈل کی مدد سے اڑنے والی سائیکل بنالی

جاپانی طلبا کا بڑا کارنامہ،انسانی قوت سےاڑنےوالی سائیکل تیارکرلی،یہ منفرد منصوبہ ایک عام سائیکل سے شروع کیا گیا، تاہم طلبا نے اسے اس انداز میں ڈیزائن کیا کہ ہر پیڈل کی گردش اُڑان کے عمل میں براہِ راست کردار ادا کرتی ہے۔
اس ایجادسے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سادہ اور روایتی مشینیں بھی جدید اور تخلیقی انجینئرنگ کے ذریعے فضا میں بلند کی جا سکتی ہیں۔اس سائیکل میں کسی قسم کا انجن، بیٹری یا اضافی پاور سورس استعمال نہیں کیا گیا۔ اُڑان کیلئے درکار تمام توانائی رائیڈر کی جسمانی قوت سے حاصل ہوتی ہے، جو پیڈل کے ہر گھماؤ کے ساتھ مشین کو فضا میں لے جانے میں مدد دیتی ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دنیا بھر میں متبادل اور غیر روایتی ذرائع آمدورفت پر غور کیا جا رہا ہے، اگرچہ انسانی طاقت سے چلنے والی اُڑان کے نظریات پر طویل عرصے سے تحقیق جاری تھی، تاہم اس کی عملی مثالیں کم ہی دیکھنے میں آئی ہیں۔
جاپانی طلبا کی یہ ایجاد ایک واضح عملی مثال ہے کہ مکمل طور پر انسانی طاقت سے چلنے والی مشین بھی فضا میں اُڑ سکتی ہے۔ یہ کامیابی ناصرف تخلیقی سوچ، بلکہ فزکس اور انجینئرنگ کے بنیادی اصولوں پر موثر عمل درآمد کی عکاس ہے۔















