کراچی:گل پلازہ میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد17ہوگئی،متعددافرادلاپتا

کراچی کےگل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی،درجنوں افراد زخمی اورسانحہ میں متعدد افراد لاپتا ہوگئے۔جبکہ 33گھنٹےبعدریسکیوٹیموں نےآگ پرقابوپالیا۔
کراچی کےعلاقہ ایم اےجناح روڈپر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کےقریب لگی ،آگ پلازےکےگراؤنڈفلورسےشروع ہوئی جودیکھتےہی دیکھتےتیسری منزل تک پھیل گئی ،خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے گر گئے۔
ریسکیوٹیموں نے33گھنٹےکی طویل مدت سےآگ پرقابوپالیاجس کےبعدکولنگ کاعمل جاری ہے۔
حکام کابتاناہےکہ آگ پرقابوپانےکےبعدفائرفائٹرزپلازہ کے اندرداخل ہوئے،آگ سےخاکسترہوئی دکانوں میں محدود پیمانے کا سرچ آپریشن کیا گیا ، اس دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے جنہیں سول ہسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا۔
پولیس کےمطابق اہلخانہ سےلاپتہ افرادکےموبائل نمبرلےلئےہیں،جن میں سے20سےزائدافرادکی لوکیشن گل پلازہ کی آئی ہے۔
پلازہ کی تیسری منزل پر پھنسے شخص کی موجودگی کے امکان پر ریسکیو آپریشن کیا گیا مگر کوئی نہ مل سکا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق کٹرکی مدد سے کھڑکیوں کو کاٹا جارہاہے، ہتھوڑوں کی مدد سے دیوار کو بھی گرایا جارہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے۔
صدر اور وزیراعظم کا وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ، ہر قسم کی تعاون کی پیشکش:
صدرمملکت :
صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم محمدشہبازشریف نےوزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سےٹیلیفون رابطہ کیااورگل پلازہ میں آتشزدگی کےحوالےسے تازہ صورتحال دریافت کی۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نےوزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کوامدادی کاموں کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہتے ہوئے اسے سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا کہا، انہوں نے زخمیوں کی نگہداشت اور متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم :
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔















