کراچی پولیس کا100سےزائدبچوں سےبدفعلی کرنےوالےملزمان کوگرفتار کرنے کادعویٰ

کراچی میں بچوں سے بدفعلی کے سنگین مقدمات میں انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے درجنوں بچوں سے بدفعلی میں ملوث مرکزی ملزم عمران اور اس کے ساتھی وقاص خان کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران مختلف اضلاع سے سامنے آنے والی 7 شکایات میں ایک ہی ملزم کا ڈی این اے میچ ہونے پر کارروائی کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے 11 روز میں کامیاب گرفتاری عمل میں لائی۔
گرفتار ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی اور پنکچر لگانے کا کام کرتا تھا جو بچوں کو لالچ دے کر موٹر سائیکل پر لے جاتا تھا۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں درجنوں بچوں سےبدفعلی کا اعتراف کیا ہے جبکہ متاثرہ بچوں نے متعدد مقدمات میں ملزم کی شناخت بھی کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے پولیس کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ کیس کو مضبوط شواہد کے ساتھ عدالت میں لے جایا جائے۔
ادھر عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔















