خیبر پختونخوا : بصارت سےمحروم طلبا کیلئے سپیشل لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت نے بصارت سے محروم طلبا کیلئے ایک خاص لیپ ٹاپ سکیم کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اس سکیم کے تحت بصارت سے معذور طلبا جو کالج، یونیورسٹی یا مذہبی مدارس میں پڑھ رہے ہیں، درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست دینے کیلئے صوبے کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے اور ان کے پاس سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری شدہ معذوری سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔اس منصوبے کا مقصد ایسے مستحق طلبا کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہے ،جو تسلیم شدہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم ہیں اور لیپ ٹاپز میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے، بشرطِ فنڈز دستیاب ہوں۔
درخواستیں حکومت کی آن لائن MIS سسٹم کے ذریعے موصول کی جائیں گی، جو سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جبکہ انتخاب کا عمل میرٹ اور تعلیمی کارکردگی کے مطابق ہوگا۔سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ اقدام معذور طلبا کو جدید ڈیجیٹل آلات فراہم کر کے تعلیمی مواقع میں مساوات کو یقینی بنانے کے صوبائی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یہ سکیم معذور کمیونٹی کی حمایت، ڈیجیٹل خواندگی اور شمولیتی تعلیم کی جانب خیبر پختونخوا حکومت کی مزید کاوشوں کا حصہ ہے۔
ماہرین تعلیم کا ماننا ہے کہ لیپ ٹاپ تک رسائی بصارت سے معذور طلبا کے تعلیمی نتائج میں نمایاں بہتری لائے گی، کیونکہ انہیں سکرین ریڈر، معاون سوفٹ ویئر اور آن لائن تعلیمی ذرائع استعمال کرنے میں مدد ملے گی۔















