لاہورہائیکورٹ کی چیف جسٹس کابڑااقدام،عدالتی عملےکیخلاف شکایات کا جدید طریقہ کار نافذ

لاہور ہائی کورٹ کا سائلین کی شکایات کے ازالے اور عوامی خدمت کی بہتری کے لیے بڑا اقدام ،چیف جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایت پر عدالتی عملے کے خلاف شکایات کا جدید اور موثر طریقہ کار نافذکردیاگیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کاکہناہےکہ صوبہ بھر کی عدالتوں میں شکایات بکس بھی نصب کردیئے گئے،پنجاب بھر کی ضلعی عدلیہ کے عملے کی کارکردگی،شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزکو مراسلہ جاری کردیاگیا۔
مراسلےمیں ہدایت کی گئی کہ عدالتی عملے کے خلاف شکایات موصول ہونے اور کارروائی کے لئے جدید اور موثر نظام نافذ عدالتی عملے و ملازمین کے خلاف شکایات کے اندراج کے نئے طریقہ کار کو آسان اور جدید خطوط پر استوارکیاجائےجبکہ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اپنے دفاتر کے باہر ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبر واضح طور پر آویزاں کریں گے۔
مراسلے میں ہدایت دی گئی کہ سینئر سول ججز کے دفاتر کے باہر اور جوڈیشل حوالات میں بھی شکایات وصول کرنے کے لئے ای میل ایڈریس اور واٹس ایپ نمبر آویزاں ہوگا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے دفتر کے باہر اور دیگر متعلقہ مقامات پرشکایات بکس(Drop Box) بھی نصب کیے جائیں گے،شکایات باکسز روزانہ کی ڈائری بکس کھلنے کے وقت کھولے جائیں گے،موصول ہونے والی تمام شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جایا گا۔
مراسلے میں ہدایت دی گئی کہ شکایت موصول ہونے پر، شکایت کنندہ کو فوری طور پر SMS کے ذریعے وصولی کی تصدیق بھیجی جائے گی،شکایت پر کارروائی مکمل ہونے اور اس کا حتمی فیصلہ ہونے کے بعد، شکایت کنندہ کو SMS اور سرکاری خط کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
 
                			
                                        			














