دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستان کانمبر کون سا ہے؟

دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستان کانمبر کون سا ہے؟دنیا بھر میں بغیر ویزا اور آسان ویزا کے سفر کی سہولت رکھنے والے پاسپورٹس کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی گئی ۔
عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کے جاری کردہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق 2026 میں بھی ایشیائی ممالک سرفہرست ہیں۔انڈیکس میں سنگاپور کا پاسپورٹ دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے، جس کے حامل افراد 227 میں سے 192 ممالک اور علاقوں میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے شہریوں کو 188 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔تیسرے نمبر پر یورپ کے پانچ ممالک، ڈنمارک، لکسمبرگ، سپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، ان سب کو 186 ممالک تک بغیر ویزا سفر کی سہولت حاصل ہے۔
اگر پاکستان کی بات کی جائے تو پاکستانی پاسپورٹ 98 ویں پوزیشن پر ہے، جو 31 ممالک تک بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے اور آئندہ بھی بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ان کے بقول پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ 126 سے بہتر ہو کر 98 تک آ گئی ہے، جو ایک اہم پیشرفت ہے۔
ہینلے رپورٹ میں ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ملک کے پاسپورٹ کی طاقت دراصل اس کی سیاسی استحکام، سفارتی ساکھ اور عالمی سطح پر اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔















