
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے معروف برطانوی نژاد پاکستانی ماہر امراض قلب ڈاکٹر حسنات خان نے ملاقات کی، جس میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے انتظامی امور اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر حسنات خان کو جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ادارے کو ایک مثالی طبی مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کے شہریوں کو دل کے علاج کی جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور صوبے کو میڈیکل ٹورازم کا مرکز بنانے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر حسنات خان کے تجربے سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر حسنات خان برطانیہ اور آسٹریلیا کے مختلف ہسپتالوں میں طویل عرصہ خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں لیڈی ڈیانا کے ساتھ دوستی کے باعث عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ وہ جلد جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی قیادت سنبھالیں گے۔















