
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرانوالہ یلولائن ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
انہوں نے فیصل آباد اور گجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹس کی بروقت تکمیل اور مقررہ مدت ہر صورت پوری کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں دونوں ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں گجرانوالہ یلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیشرفت کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے معائنہ بھی کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 31.5 کلو میٹر طویل گجرانوالہ یلو لائن میں 25 اسٹیشن ہوں گے، جن میں 2 انڈر گراؤنڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ منصوبے کے لیے 12 انڈر پاس، 35 کلو میٹر سروس لائن اور سگنل فری یو ٹرن بھی بنائے جائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق گجرانوالہ یلو لائن پر تقریباً ایک تہائی کام تکمیل کے قریب ہے، جبکہ 1233 پول اور 552 ٹرانسفارمر منتقل کیے جاچکے ہیں۔ منصوبے کے لیے 15 ہزار فٹ سیوریج، 12 ہزار فٹ واٹر سپلائی اور 11 ہزار فٹ گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔
گجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 62 کلو میٹر طویل ڈرین کی تعمیر کا 40 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
دوسری جانب 20.3 کلو میٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 11.1 کلو میٹر اوور ہیڈ برج بنائے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے 1835 درخت ری پلانٹ کیے گئے ہیں، جبکہ 15 کلومیٹر سوئی گیس لائن اور 12 بس اسٹاپ بنائے جائیں گے۔
گجرانوالہ اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں تقریباً 5 ہزار درختوں کی ری پلانٹیشن کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترقیاتی منصوبوں میں ہر درخت کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا اور ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس پر 3 شفٹوں میں کام کروانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے، اس لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس کی ٹائم لائن کو کسی صورت آگے نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور شہریوں کو مزید تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔















