چاندپررہائش کامنصوبہ:10 لاکھ ڈالر میں چاندپر کمرہ بُک کروائیں

خلائی سیاحت میں اہم پیشرفت :چاند پر رہائش کا منصوبہ:10 لاکھ ڈالر میں چاندپر کمرہ بُک کروائیں۔
خلائی سیاحت اور مستقبل کی رہائش کے شعبے میں سرگرم ادارےجی آر یو سپیس کمپنی نے 10 لاکھ ڈالر پیشگی پر چاند پر کمرا بُک کرنے کا اعلان کر دیا ۔
جی آر یو سپیس نے غیر معمولی اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اب عام افراد بھی چاند پر اپنا کمرہ بُک کرا سکتے ہیں۔
ترجمان جی آر یو سپیس کے مطابق یہ منصوبہ مستقبل کی خلائی رہائش کے تصور کے تحت متعارف کروایا گیا ہے، جس میں چاند پر جدید سہولیات سے آراستہ کمروں کی تعمیر شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق ابتدائی بکنگ کا مقصد ممکنہ صارفین کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا جائزہ لینا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ خلائی سیاحت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، تاہم چاند پر نجی رہائش اور ملکیت سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور تکنیکی چیلنجز تاحال ایک بڑا سوال ہیں۔
اسی طرح قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی خلائی معاہدوں کے تحت کسی بھی آسمانی جسم پر نجی ملکیت کی اجازت نہیں، اس لیے ایسے اعلانات کو مستقبل کے منصوبوں یا تصوراتی پیشکش کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی اس اعلان نے خاصی توجہ حاصل کی ہے، جہاں بعض صارفین اسے مستقبل کی جھلک قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ افراد اسے محض ایک تشہیری مہم سمجھ رہے ہیں، جبکہ جی آر یو سپیس کا کہنا ہے کہ منصوبے کی مزید تفصیلات اور عملی پیشرفت آنیوالے مہینوں میں سامنے لائی جائیں گی۔















