ذہنی صحت کو کبھی نظرانداز نہ کریں،صباقمرکامداحوں کومشورہ

پاکستان شوبزانڈسٹری کی معروف اداکارہ صباقمرنےمداحوں کومشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔
اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
ذہنی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر نے انکشاف کیا کہ ہم سب سمجھتے ہیں کہ ہم بہت مضبوط ہیں اور ہر طرح کے حالات کا سامنا کر سکتے ہیں، مگر کبھی کبھار یہی حالات ہارٹ اٹیک، انزائٹی یا ڈپریشن کی شکل بھی اختیار کر لیتے ہیں۔
صبا قمر کا کہنا تھا کہ حال ہی میں میں نے خود ان بیماریوں کا سامنا کیا۔ ذہنی دباؤ کے باعث مجھے معمولی ہارٹ اٹیک ہوا، جس کے اگلے ہی روز میری انجیوگرافی کی گئی۔ تاہم اللہ کا شکر ہے کہ اب میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز نے مجھے ہارٹ اٹیک کی 20 وجوہات بتائیں۔ ضروری نہیں کہ ہارٹ اٹیک صرف کولیسٹرول کی وجہ سے ہو، بعض اوقات ذہنی دباؤ یا تکلیف بھی جسمانی اعضاء کو متاثر کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ہم ذہنی صحت کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیتے، حالانکہ یہ سب سے زیادہ اہم ہے۔ میں چاہوں گی کہ لوگ اپنی ذہنی صحت کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔
یاد رہے کہ رواں برس یکم اگست کو صبا قمر شوٹنگ کے دوران اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کی گئی تھیں، بعد ازاں فیملی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے انھیں ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا تھا۔














