
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اپ ڈیٹ شدہ ڈیزائن اور جدید ترین سیکورٹی فیچرز سے لیس پاسپورٹ کی نئی بکلٹ کے اجراء پر کام شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کی تیاری، پرنٹنگ کے عمل اور سیکورٹی اقدامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
دورے کے دوران نئی پاسپورٹ بکلٹ کے ڈیزائن، پرنٹنگ کی خصوصیات اور اس میں جدید سیکورٹی فیچرز شامل کرنے سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے پولی کاربونیٹ ڈیٹا پیج میں جدید سیکورٹی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی تجویز پر غور کیا گیا، جبکہ نئی پاسپورٹ بکلٹ کے مرحلہ وار اجراء کے لیے ایک جامع روڈ میپ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے تاکید کی کہ شہریوں کو پاسپورٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط ‘سپلائی چین مینجمنٹ’ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کا تقدس، وقار اور سیکورٹی کو محفوظ بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاسپورٹ کی سیکورٹی کو اپ ڈیٹ رکھنا ایک مسلسل عمل ہے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور پی ایس پی سی نے پاسپورٹ سیکورٹی اور پروڈکشن سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔














