دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نےکہاہےکہ دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے زور ڈالے۔
ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں عالمی امن فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھاکہ پاکستان عالمی امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون ہے۔ 2025 کو بین الاقوامی سال برائے امن قرار دینا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم پاکستان کامزیدکہناتھاکہ دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سے اٹھ رہا ہے، عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے زور ڈالے۔ پائیدار امن اور پائیدار ترقی لازم و ملزوم ہیں، ترقی یافتہ ٹیکنالوجیز پر منصفانہ رسائی ناگزیر ہے، مالیاتی شمولیت اور خواتین کو معاشی دھارے میں لانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔
اُن کاکہناتھاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے کئی ممالک کو خطرات درپیش ہیں، فورم کو عملی اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، دنیا کو صفر جمع سوچ سے نکل کر مشترکہ تعاون اپنانا ہوگا، تجارت ہی نہیں، انسانوں اور خیالات کو جوڑنے والے پل تعمیر کرنا ضروری ہے۔پاکستان کا صاف اور سرسبز ترقیاتی ماڈل عالمی مثال ہے، موسمیاتی تبدیلی اور عدم مساوات ترقی پذیر ممالک کے بڑے چیلنجز ہیں۔















