26نومبراحتجاج کیس:نادرا نے علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کر دیا

26نومبراحتجاج کیس میں مسلسل عدم پیشی پرنادرا نے علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کر دیا۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ تاہم علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
سماعت کے دوران دیگر 10 ملزمان اور استغاثہ کے گواہان عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر چھٹی بار علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔
دریں اثنا، نادرا نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب 26 نومبر کے احتجاج کے دوران گاڑی کی سپرداری حاصل کرنے والے ملزم عارف خان مچلکے جمع نہ کرا سکے، جس پر عدالت نے گاڑی کے مالک عارف خان کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔















