پنجاب کے سکولوں میں زیرتعلیم طلبا کے ہیلتھ پروفائل پر کام جاری

طلبا وطالبات کیلئے خوشخبری، سکولوں میں بچوں کے ہیلتھ پروفائل تیار کرنے پر کام جاری،محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے سکولوں میں بچوں کے ہیلتھ پروفائل تیار کرنے کے عمل کو جاری رکھنے کی ہدایت کر دی، تاکہ طلبا کی صحت اور تعلیمی کارکردگی کو جانچنے کیساتھ بہتر بنایا جا سکے۔
ابتدائی سروے کے مطابق 2 لاکھ 58 ہزار طلباء کو صحت کے مسائل کم، 37 ہزار کو زیادہ اور ساڑھے 8 ہزار طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،بصارت کے مسائل32ہزار طلبا کو معمولی کمی،جبکہ 2ہزار560 کو زیادہ اور 2ہزار349 طلبا کو شدید دشواری درپیش آ رہی ہے۔
اسی طرح 21 ہزارطلبا کومعمولی سماعت، جبکہ 1ہزار341 طلبا کو شدید سننے کے مسائل درپیش ہیں۔چلنے پھرنے یا سیڑھیاں چڑھنے میں دشواری کے حوالے سے 16 ہزار طلبا کو معمولی، 2ہزار61 طلباکو زیادہ اور 1ہزار232 طلبا کو شدید مسائل درپیش ہیں۔محکمہ تعلیم پنجاب نے خصوصی طلبا کیلئے بہترین سہولیات اور جامع تعلیمی حکمت ِعملی پر زور دیا ہے،نیز طلبا کی صحت بہتر بنانے کیلئے سکول میل پروگرام کے تحت سکولوں میں انہیں دودھ اور بسکٹ بھی مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان محکمہ تعلیم پنجاب کا کہنا ہے کہ ہیلتھ پروفائل کے مکمل ہونے کے بعد ہر طالبعلم کیلئے انفرادی نگہداشت اور ضروری طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے صحت اور تعلیمی معیار دونوں میں بہتری متوقع ہے۔















