پاکستان نے تائیوان کی 2 بڑی ایئر لائنز کوفضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی

پاکستان نے تائیوان کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تائیوان کی ایوا ایئرویز اور چائنا ایئرلائنز کو 28 اکتوبر سے 27 مارچ تک پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق تائیوان کی دونوں ایئرلائنز نے 25 اکتوبر سے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال بند کرکے اپنے پروازوں کے راستے تبدیل کرنا شروع کر دیے تھے۔ اس دوران ان کی کم از کم 12 پروازوں نے ایشیا سے یورپ جاتے ہوئے روس کی فضائی حدود استعمال کیں۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی کے باعث تائیوانی ایئرلائنز کو طویل متبادل راستے اختیار کرنا پڑے، جس سے پروازوں کے دورانیے میں کئی گھنٹے بڑھ گئے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق تائیوانی ایئرلائنز ایشیا اور یورپ کے درمیان پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود پر کافی انحصار کرتی رہی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اجازت بحال ہونے کے بعد ان ایئرلائنز کو اپنے پروازوں کے راستے دوبارہ ترتیب دینے میں سہولت مل سکتی ہے۔















