اقوام متحدہ میں پاکستان کی بحرین اور روس کی قراردادوں کی حمایت

0
7

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بحرین اور روس کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کی بھی مذمت کی جن میں 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، اور کہا کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ عاصم افتخار نے روسی فیڈریشن کی جنگ بندی کی قرارداد کی بھی حمایت کی انہوں نے کہا کہ روسی قرارداد کا بنیادی مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوجی سرگرمیاں فوری طور پر بند کریں، مزید کشیدگی سےگریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ یہ مؤقف پاکستان کے مجموعی مؤقف کے عین مطابق ہے۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل میں ایران کی پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد تو منظور کر لی گئی، تاہم روس کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی قرارداد مطلوبہ حمایت (حق میں 4، مخالفت میں 2 اور 9 غیر حاضر) نہ ملنے کے باعث منظور نہ ہو سکی۔

Leave a reply