پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ’’ایئر کراچی‘‘ کا باضابطہ افتتاح ہو گیا

0
17

نئی نجی ایئرلائن کا شاندارآغاز،پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ’’ایئر کراچی‘‘ کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی شعبے کے باہمی اشتراک سے بننے والی ایئر کراچی کی افتتاحی تقریب کراچی کے اولڈ ایئرپورٹ پر منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایئر کراچی حنیف گوہر نےکہا کہ ایئرلائن کے قیام کا خواب 2006 میں شروع ہوا، طویل جدوجہد کے بعد آج یہ خواب حقیقت بن گیا، یہ ایئرلائن 42 کاروباری شراکت داروں کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے، جو کراچی کی شناخت کو اجاگر کرنے کے عزم کی علامت ہے۔
اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد علی نے کہا کہ کراچی کے بزنس کمیونٹی نے ایک بار پھر ملک کا نام فخر سے بلند کیا ہے، حکومت نئی ایئرلائنز اور ہوا بازی کے شعبے کے تمام سٹیک ہولڈرز کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، ایئر کراچی اور پی آئی اے کے درمیان اشتراک سے ملکی ایوی ایشن انڈسٹری کی کارکردگی بہتر ہوگی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایئر کراچی کے نمایاں سرمایہ کاروں میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، بشیر جان محمد، خالد تواب، زبیر طفیل اور حمزہ تبانی شامل ہیں،جبکہ ایئر کراچی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کے طور پر سابق ایئر وائس مارشل ریٹائرڈ عمران کو تعینات کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایئر کراچی کیلئے ابتدائی مرحلے میں تین طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔

Leave a reply