پیپلز بس سروس ، ای وی ٹیکسی کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ

مسافروں کیلئے سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ ،سندھ میں پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے شہری سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ایک اور اہم فیصلہ کر لیا گیا۔صوبائی حکومت کی جانب سے پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور کیمروں کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہےکہ پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس میں نصب انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کو سیف سٹی پروجیکٹ سے جوڑا جائے گا۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو محفوظ بنانا ، شہری علاقوں میں سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، کیمروں کے انضمام کے بعد کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ، سکیورٹی مانیٹرنگ اور عوامی تحفظ کے اقدامات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
حکومت سندھ دسمبر میں جدید ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس سے شہر قائد کراچی سمیت سندھ کے شہریوں کو سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔















