پی آئی اے کا6 سال بعد لندن کیلئے فضائی آپریشن کا باضابطہ آغاز

0
7

قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے چھ سال کے وقفے کے بعد لندن کیلئے اپنے فضائی آپریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز پہلی پرواز PK-785 جس میں 325 مسافر سوار تھے، اسلام آباد سے روانہ ہوئی۔اس حوالے سےاسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز کی روانگی کے موقع پر ایک سادہ، مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، پی آئی اے کنسورشیم کے چیئرمین عارف حبیب اور ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران افتتاحی کیک کاٹا گیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب مسافر کو 660 سی سی کی گاڑی بھی انعام میں دی گئی، جبکہ دیگر مسافروں کو بھی مختلف تحائف پیش کیے گئے۔
اس موقع پرسیکریٹری دفاع نے کہا کہ لندن کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی پروازوں کی بحالی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی پی آئی اے کو لندن آپریشن کی بحالی پر مبارک باد دی۔
پی آئی اے حکام کے مطابق کمپنی برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو براہِ راست سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ابتدائی مرحلے میں پاکستان اور لندن کے درمیان چار ہفتہ وار پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں تین اسلام آباد اور ایک لاہور سے آپریٹ ہوگی۔

Leave a reply