عظیم باکسر محمد علی کلے کے نام سےڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان

دنیا کے عظیم باکسر اور انسانی حقوق کے علمبردار رہنے والےمحمد علی کلے کیلئے تاریخی اعزاز، امریکی ڈاک سروس کا محمد علی کے نام سے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان ،جو 15 جنوری 2026 سے دستیاب ہوگا۔
محمد علی فارایورسٹیمپ کی تقریب ِ اجرا جمعرات کو امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئس وِل میں منعقد ہوگی، جو محمد علی کلے کی جائے پیدائش ہے اور جہاں محمد علی سینٹر بھی قائم ہے۔اس موقع پرعوام وہ ڈاک ٹکٹ خرید سکیں گے، جن پر 1974 کی ایک تصویر شائع کی گئی ہے، جس میں محمد علی کلے اپنے مشہور باکسنگ انداز میں نظر آتے ہیں۔ ہر شیٹ میں 20 ٹکٹ ہوں گے، جبکہ ایک اضافی تصویر میں محمدعلی کو دھاری دار سوٹ میں بھی دکھایا گیا ہے، جو ان کے سماجی اور انسانی خدمات کی علامت ہے۔
محمد علی باکسنگ میں اپنی مہارت کیساتھ سیاست، سماجی شعور اور بے مثال شخصیت کے باعث بھی دنیا بھر میں مقبول ہیں۔
محمد علی کلے 2016 میں 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انہیں زندگی اور وفات کے بعد بے شمار اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 1960 کا اولمپک گولڈ میڈل، 1998 میں اقوام متحدہ کا میسنجر آف پیس ایوارڈ اور 2005 میں صدارتی تمغۂ آزادی شامل ہیں۔
محمد علی جن کا پیدائشی نام کیسیئس کلے جونیئر تھا، انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام تبدیل کر کے محمع علی کلے رکھ لیا تھا۔
امریکی ڈاک سروس کے مطابق محمد علی فارایورسٹیمپ 2 کروڑ 20 لاکھ شائع کیے گئے ہیں اور فروخت مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ شائع نہیں کیا جائے گا، تاہم فاریور سٹیمپ ہونے کے باعث یہ ٹکٹ ہمیشہ فرسٹ کلاس ڈاک کیلئے قابلِ استعمال رہیں گے۔















