وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار ردوبدل کی منظوری دیدی

0
10

وزیراعظم شہبازشریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ہفتہ وار ردوبدل کی منظوری دےدی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات اسٹاک اور کھپت پر کمیٹی کااہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب نےوزیراعظم کوبریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نےاجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے بارے میں سفارشات پیش کیں،جن کووزیراعظم شہبازشریف نے منظور کرلیا۔
ذرائع کابتاناہےکہ پیٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے بارے میں ای سی سی سفارشات دے گی،ای سی سی کےبعد وفاقی کابینہ پیٹرولیم مصنوعات کی سمری کی حتمی منظوری دےگی۔
اس موقع پرتعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم اورآفسز کیلئے ورک فرام ہوم کاپلان پیرکو پیش کرنےکی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر خزانہ کو صوبوں سے مشاورت کے بعد آئندہ ہفتےکے آغاز پر پیرکےروز ورک فرام ہوم کے بارے میں پروپوزل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ان اقدامات کے باعث ایندھن اسٹاک کا مؤثر استعمال اور طلب میں کمی ہوسکے گی۔
دوسری جانب اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے بریفنگ میں بتایا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں، جو پیٹرول پمپ مصنوعی قلت میں ملوث ہو، اس کو فورا بند کیا جائے، اوگرا مصنوعی قلت میں ملوث پیٹرول پمپ کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کرے جبکہ وزیر پیٹرولیم صوبوں کا دورہ کریں، وزیرپیٹرولیم صوبائی حکومتوں کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلاتعطل فراہمی سے متعلق لائحہ عمل تیار کریں۔

Leave a reply